بھٹکل:19؍ مئی (ایس اؤ نیوز ) ایک خاندان ، معاشرہ اور ملک باہروالوں کے حملوں سے کمزور نہیں ہوتا بلکہ اپنی آپسی نفرت ہمیں کمزور کرتی ہے۔ آج اگر ہمارا ملک کمزوری کی طرف مائل ہے تو اس کی اہم وجہ ہماری آپسی ناچاکی اور دشمنی ہے۔ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے سکریٹری اورمنگلورو شانتی پرکاشن کے مینجر محمد کوئیں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
جماعت اسلامی ہند بھٹکل کےزیراہتمام منعقدہ عیدملن، فیملی گیٹ ٹوگیدر پروگرام میں صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے محمدکوئیں نےکہاکہ دنیا کے مشہور تاریخ دانوں کا کہنا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی تہذیب بیرونی سازشوں اور حملوں سے برباد نہیں ہوئی ہے بلکہ وہ اپنے اندرونی انتشار ، نفرت اور دشمنی کی وجہ سے برباد ہوئی ہے۔ اسی طرح ایک معاشرہ اور خاندان بھی آپسی اور اندرونی نفرت سے ہی ختم ہوتاہے۔ انہو ں نے کہاکہ اگر کوئی ملک کمزور ہورہاہے تو اس کی اہم وجہ بیرونی سازشیں یا حملے نہیں بلکہ اندرونی کمزوریاں ہوتی ہیں۔ ہمارے ملک کے پاس بیرونی حملوں کو روکنے ، اس کاسامنا کرنے اور سازشوں کو ختم کرنے کی زبردست طاقت ہے ، لیکن حقیقت یہ ہےکہ ہمارے اپنے ہی اپنے اندر تعلقات کو بگاڑنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔ملک کے سبھی معاشروں اور طبقات کے درمیان بہترین تعلقات ہونے چاہئے ، ہر طبقے کے لوگوں کو چاہئے کہ آپسی سمجھ بوجھ ، میل میلاپ اور ملاقاتوں اور گیٹ ٹوگیدر پروگراموں کو بڑھائیں، تب کہیں جا کر ہمارا ملک اندرونی طورپر مضبوط و مستحکم ہوگا۔
انہوں نےملک کےموجودہ حالات پر تبصرہ کرتےہوئے کہاکہ اندر شیروانی اور باہر پریشانی جیسے حالات ہیں۔ دنیا بھر کےلوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بہت خوش ہیں جب کہ ہم اپنے اندرونی مسائل میں گھرے ہوئےہیں ، ہمارے خاندانی تعلقات، سماج کے حالات، دھرموں کے درمیان تعلقات ، باپ بیٹے کے تعلقات سب کمزور ہیں، اسی لئےہم میں خوف و ہراس ، شکوک و شبہات اور زعم پیدا ہورہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر یہی حال رہا تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔
پروگرام میں کاروار کے شری رام کرشنا آشرم کے سوامی بھویشا نند ا مہانت جی ، منڈلی لورڈ ماتا چرچ کے فادر پریم کمار ڈیسوزا، ہوناور سے شائع ہونے والے ناگریک کنڑا روزنامہ کےمدیر کرشنا مورتی ہیبار اور السنہ چارٹیبل اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کے صدر مولانا محمد ایوب برماور ندوی نے بھی اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پروگرام کا آغاز سید ابراہیم ثابت ابن مولوی سید قطب برماور ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ امیر مقامی بھٹکل مولانا سید زبیر نے بزبان کنڑا استقبالیہ اور افتتاحیہ کلمات پیش کئے ۔ پروفیسرعبدالرووف سونور نے شکریہ اداکیا۔سدبھاؤنا منچ کے جنرل سکریٹری محمد رضامانوی نے نظامت کی۔ ڈائس پر جماعت اسلامی کے ضلعی ناظم محمد طلحہ سدی باپا موجود تھے۔
پروگرام میں بھٹکل تعلقہ میڈیکل افسر ڈاکٹر سویتا کامت، سدبھاؤنامنچ کے صدر ستیش کمار نائک، کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک، جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر من موہن نائک، رابطہ سوسائٹی کے سابق جنرل سکریٹری محمد یونس قاضیا، انجمن ڈگری کالج کے صدر شعبہ کنڑا پروفیسر آر ایس نایک اور خواتین سمیت برادران وطن اور ملی برداران کی کثیر تعداد شریک تھی۔ پروگرام کے آخر میں طعام کا انتظام تھا۔